The news is by your side.

ملک میں ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کا اعلان کردیا

ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور مغربی ہواؤں نے سردیوں کی آمد کا اعلان کردیا ہے ۔

بابو سر ٹاپ پر گزشتہ 2 روز سے وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ جب کہ بٹو گاہ ٹاپ ، فیری میڈو اور نانگا پربت پر بھی موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے ۔

اس کے علاوہ استور ، غذر اور کشمیر کے پہاڑ بھی برف سے سفید ہورہے ہیں ۔

محمکہ موسمیات پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش اور برف باری کی پیشگوئی کرچکا ہے ۔

برفباری کیوجہ سے بابوسر ناران نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں تعطل واقع ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ دیو سائی 4 انچ برف پڑنے کے بعد سیاحوں کے لئے عارضی طور پر بند کردی گئی ہے ۔ موسم کی بہتر صورتحال کے بعد اسے سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا ۔

موسم سرما کی شروعات کے ساتھ ہی گیس صارفین کی آزمائش بھی شروع ہوگئی ہے ۔ ملک میں موسم سرما کے دوران گیس کے شدید بحران کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ۔

وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما میں 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوگی ۔ صارفین کو 24 میں سے 9 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی ۔

گیس دن میں تین بار تین تین گھنٹوں کے لئے صرف کھانے کے اوقات میں پریشر کے ساتھ  فراہم کی جائے گی باقی اوقات میں گیس پریشر ڈاؤن رہے گا ۔

تبصرے بند ہیں.