The news is by your side.

وٹساپ مسائل کے حل میں معاون

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ایک دور دراز گاؤں جو موہن جو داڑو کے پڑوس میں واقع ہے کہ شہریوں نے وٹساپ ایپ کو  اپنے علاقہ کے مسائل کے حل کے لئے استعمال کرکے اپنے علاقہ کو ڈیجیٹل کمیونٹی میں تبدیل کردیا ہے ۔

2000 نفوس پر مشتمل بھلڑیجی گاؤں میں سندھ کے دیگر اضلاع کی نسبت شرح خواندگی زیادہ ہے ۔ یہاں کے افراد میڈیکل ، انجینئرنگ ، کمپیوٹر سائنس ، لٹریچر ، صحافت ، ادب کی تعلیمات کو اپنی کمیونٹی میں فروغ دیتے ہیں ۔ اس گاؤں کے ایک رہائشی نے اس حوالہ سے بتایا کہ ہمارے گاؤں میں 7 واٹساپ گروپ چل رہے ہیں جن میں مرکزی گروپ ، خواتین کا گروپ ، تعلیمی گروپ ، میڈیکل گروپ ، ہوم ، ادبی سنگت اور اسپورٹس و تفریحات کے ذریعہ ان حوالوں سے ممکنہ و درپیش مسائل پر بات کرکے نہ صرف حل نکالا جاتا ہے بعد ازاں ان پہ عمل درآمد کے لئے اجتماعی کوششیں بھی کی جاتی ہیں ۔ سوشل میڈیا کو اپنے مسائل کے حل کے لئے استعمال کرکے ہم نے بہت سے مسائل پر قابو پالیا ہے ، ایک دوسرے کی مدد کرکے اپنا کمیونیٹی سسٹم مضبوط کرلیا ہے ۔

یہ واٹساپ گروپس گاؤں کے لوگوں کو نوکریاں دلوانے ، علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے ،گاؤں کی صفائی ، خواتین کے مسائل کا حل ، نکاسی آب کو بہتر بنانے ، لاوارثوں کی کفالت کرنے ، ملک و بیرون ملک تعلیم کے مواقع فراہم کرنے ، سندھ کے دیگر شہروں میں رہائش کا انتظام کروانے ، کراؤڈ فنڈنگ اور دیگر کمیونٹی سروسز میں معاون ثابت ہورہے ہیں ۔ بھلڑیجی میڈیکل گروپ نے کراوڈ فنڈنگ سے اپنے گاؤں کے لئے ایمبولینس خریدی جس سے مریضوں کے لئے کافی آسانی ہوگئی ہے ۔ اس ایمبولینس کے علاوہ گاؤں کے لوگ کراؤڈ فنڈنگ سے کراچی میں ایک فلیٹ بھی خرید چکے ہیں تاکہ شہر آنے والوں کے لئے رہائش کا مسلہ نہ بنے ۔ اسی طرح کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعہ ہر ماہ گاؤں کی سڑکوں اور نالیوں کی صفائی بھی کروائی جاتی ہے ۔ اس حوالہ سے گاؤں کے لوگوں نے 12 ہزار کے عوض ایک خاکروب کی خدمات حاصل کی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر گاوں کی صفائی کے معاملات دیکھتا ہے ۔

مذکورہ گاؤں کے رہائشی نے اس حوالہ سے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں 17 پائیدار ترقیاتی اہداف ہیں ۔ ہم ان اہداف میں سے غربت کے خاتمہ ، صحت و تعلیم کی فراہمی ، ماحولیات اور وویمن ڈیلوپمنٹ پر کام کررہے ہیں ۔ ایک گاؤں کا یہ ڈیجیٹل اقدام پوری پاکستانی قوم کے لئے ایک مثالیہ ہے جس پہ عمل کرکے ہم سب اپنے اپنے علاقوں کی بہتری کے لئے کام کرسکتے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.