The news is by your side.

پھلوں اورسبزیوں سےعلاج کے40 دیسی نسخے

0

اللہ تعالیٰ نے سبزیوں، پھلوں، اناج وغیرہ میں انمول طاقت رکھی ہے اسی لیے ان کے استعمال سے مختلف بیماریوں، ان کی علامات اور پیچیدگیوں پر قابو پانا ممکن ہے ۔ ذیل میں مختلف سبزیوں اور پھلوں وغیرہ کے استعمال پر مشتمل 40 آزمودہ نسخوں کی مختصر کارکردگی پیش کی جارہی ہے۔

 

1۔ نظر بہتر بنانے کے لیے سات بادام پیس کرآدھا آدھا چمچ سونف ومصری کے ساتھ روزانہ لیں۔

2۔ دل کی تیز دھڑکن اور پیٹ میں گیس بننے سے روکنے کے لیے سونف اور خشک دھنیا ایک ایک چھٹانک صاف کرکے پیس لیں۔ اس آمیزے میں ڈیڑھ چھٹانک شکر ملائیں۔ صبح شام ایک ایک چمچہ لیں۔

3۔ پاؤں کے تلوے جلتے ہوں تو صبح شام گھیکوار(ایلوویرا)کے گودے سے تلوؤں کی مالش کریں۔

4۔ پیشاب کی جلن دور کرنے کے لیے پانی زیادہ استعمال کیجئے۔

5۔ زیادہ پیاس لگے تو ککڑیاں کھائیں ۔ پیاس کسی صورت نہ بجھے تو دودھ کی کچّی لسی بناکر دو تین گلاس پئیں ۔ پیاس ختم ہوجائے گی ۔

6۔ گھیکوار کا گودا صبح شام منہ پر لگانے سے چہرے کے داغ دھبے آہستہ آہستہ دُور ہوجاتے ہیں ۔

7۔ گرمیوں میں آنکھ کی سُرخی اور جلن دور کرنے کے لیے پانچ یا سات آملے مٹی کے پیالے میں رات کو بھگودیں ۔ صبح پانی چھان کر اس سے آنکھوں پر چھینٹے ماریں ۔

8۔ بچوں میں پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لیے کمیلہ کا 3 گرام سفوف صبح شام لیں ۔

9۔ پاؤں کی ایڑیاں پھٹنے اور جلن سے بچانے کے لیے ایک تولہ کچا سہاگہ، ایک تولہ پھٹکری، ایک تولہ گندھک لیکر پیس لیں۔ اس میں پیٹرولیم جیلی مِلا کررات کو سوتے وقت ایڑیوں پر لگائیں چند دنوں میں افاقہ ہوجائے گا ۔

10۔ موٹاپا کم کرنے کے لیے پسی کلونجی آدھا چمچ ایک گلاس پانی میں اُبال کر صبح نہار منہ اور شام کو لیں ۔ ایک گلاس پانی میں کلونجی تیل کے چار پانچ قطرے اور ایک لیموں کا رس ڈال کر صبح شام متواتر ایک ماہ استعمال کرنے سے موٹاپا کم کیا جاسکتا ہے ۔

11۔ زکام کے خاتمے کے لیے تھوڑی سی چینی دہکتے ہوئے کوئلوں پر ڈال کر اس کا دھواں سونگھیں۔

12۔ ہرے دھنیے کا پانی نکال کر سونگھنے سے چھینکوں کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

13۔ نکسیر کا خون بند کرنے کے لیے بھی ہرے دھنیے کا پانی نکال کر سونگھیں۔

14۔ ناک کی بدبُو دُور کرنے کے لیے چٹکی بھر پھٹکری تھوڑے سے پانی میں حل کرکے ناک میں ڈالیں۔

15۔ چھوٹے بچوں میں پیشاب کی جلن دُور کرنے کے لیے پانی میں پیاز کُچل کر 40 گرام چینی ملالیں ۔ صبح شام دوسے تین چمچ یہ آمیزہ پلائیں۔

16۔ بدہضمی اور اُلٹیاں روکنے کے لیے 30 گرام پیاز، پودینہ کے چند پتّے اورسات عدد کالی مرچ اچھی طرح ملا کر کھایئے۔

17۔ صبح شام سلاد کے طور پر پیاز کا استعمال بدہضمی روکتا اور جسمانی طاقت بڑھاتا ہے۔

18۔ بھوک بڑھانے کی خاطر پھلوں کے سرکے میں پیاز ، ادرک کاٹ کر ملائیے۔ پھر پودینے کے پتّے، لہسن کے دوچار ٹکڑے اور تھوڑی سی کشمش ملا کر کھانے میں بطور سلاد استعمال کریں۔

19۔ سر کے زخم اور خارش دور کرنے کے لیے نیم کی نبولیاں پیس کر پانی میں ملا کر گاڑھا لیپ بنا کر رات کو بالوں میں اچھی طرح لگائیں۔

20۔ سردیوں میں ہاتھ پاؤں کی اُنگلیوں میں سوجن دُور کرنے کے لیے گھیا(لوکی) کدوکش کرکے اسے ہاتھ پاؤں پر اچھی طرح ملیں ۔ ایک گھنٹے بعد ہاتھ پاؤں دھولیں اور پھر پیٹرولیم جیلی لگائیں۔

21۔ کھانسی روکنے کے لیے صبح دوپہر شام ملٹھی منہ میں رکھ کر چوسیں۔

22۔ آنکھوں کی جلن دور کرنے کے لیے ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں اور برف سے ٹکورکریں۔

23۔ زخم کی سوجن دور کرنے کے لیے پیاز جلا کر اس میں ہلدی ملا کر لیپ بنائیے پھر اسے زخم پر لگائیں۔

24۔ دائمی قبض دور کرنے کے لیے صبح شام زیتون کا تیل معقول مقدار میں استعمال کریں۔

25۔ پیٹ کے جملہ امراض روکنے کے لیے اسپغول کا چھلکا بلاناغہ استعمال کریں۔

26۔ ہچکی روکنے کے لیے دیسی گھی میں سوجی کا حلوہ بنا کر کھائیے یا منہ میں برف کی ڈھلی رکھیں یا آہستہ آہستہ گنڈیریاں چوسیں یا پانی پئیں۔

27۔ بچوں کو بخار زیادہ ہو جائے تو فوراً نہلادیں یا ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کریں۔

28۔ دست اور قے روکنے کے لیے سونف، الائچی اور پودینہ کا قہوہ بنا کر پیجئے۔

29۔ پاؤں نرم ملائم کرنے کے لیے سونے سے 10 منٹ پہلے پاؤں تازہ پانی میں بھگویئے۔ اس پانی میں چند قطرے روغن زیتون اور تھوڑاسا نمک ملا لیں ۔ خشک کرکے پیٹرولیم جیلی یا سرسوں کا تیل لگائیں۔ سردیوں میں نیم گرم پانی استعمال کریں۔

31۔ کولیسٹرول کم کرنے کے لیے ایک ایک چمچ آملہ اور مصری ملا کر روزانہ صبح نہار منہ ایک گلاس پانی کے ساتھ لیں۔

32۔ زہریلا کیڑا کاٹ لینے کی صورت میں لہسن کا تیل اور شہد ملا کر زخم والی جگہ پر لگائیں۔

33۔ بچوں میں پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کے لیے کلونجی پانی میں اُبال کر اس کا پانی رات کو سونے سے پہلے پلائیں۔

34۔ جوڑوں کا درد روکنے کے لیے نیم کے پتوں کے تیل کی مالش کریں۔

35۔ کھانسی دور کرنے کے لیے ایک ایک چمچ شہد اور ادرک کا رس ملا کر روزانہ صبح دوپہر شام تین سے پانچ روز تک لیں۔

36۔ جلا لہسن، سرکے اور شہد میں ملا کر لگانے سے پھوڑے پھنسیاں اور نشان دور ہوجاتے ہیں۔

37۔ ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے بغیر چھنے آٹے میں تازہ یا پسی میتھی ملا کر روٹی بنائیے اور روزانہ ناشتہ میں کھائیں اور پیدل چلیں۔

38۔ دانت کا درد دور کرنے کے لیے لونگ استعمال کریں۔

39۔ بلڈپریشر پر قابو پانے کے لیے آڑو، پھلیاں، لوبیا، ناشپاتی اور کیلازیادہ استعمال کریں۔

40۔ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے کے لیے جو کا آٹآ اور گاجر زیادہ کھائیے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.