The news is by your side.

ملک کا سرمایہ اس کے بچے ہوتے ہیں : عمران خان

احساس تعلیمی وظائف پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کا سرمایہ عوام ہوتے ہیں ۔ جب ان کے لئے تعلیمی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی تو یہ سرمایہ نہ صرف ضائع ہوگا بلکہ یہ عوام پر ظلم ہوگا ۔ اس سے قابلیت کا قتل ہوتا ہے اور ملک لوگوں کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا ۔

انہوں نے احساس پروگرام پہ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ملک کے 2 کروڑ بچوں کی بنیادی تعلیم کی شروعات کے لئے لانچ کیا گیا ہے ۔ اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا اسکول نہ جانا ایک بہت بڑا المیہ ہے ۔ اس پروگرام کے تحت بچوں کو اسکول لانے کی کوشش کی ہے ۔ غریب خاندانوں کو مالی اعانت اور سہولیات کی فراہمی سے ترغیب دی جائے گی کہ وہ اپنے بچوں کو غربت کیوجہ سے اسکولز سے نہ اٹھائیں ۔

انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکولز نہ جانے والے بچوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے ۔ ہم نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو سمجھا ہی نہیں ہے ۔ اس سوچ نے ہمارا بڑا اثاثہ تباہ کردیا ہے ۔ ایک لڑکی کی تعلیم نسلوں کو سنوارتی ہے ۔ ایک تعلیم یافتہ عورت مرد سے زیادہ فائدہ معاشرہ کو پہنچاتی ہے ۔ وہ اپنے گھر کا نظام بدل دیتی ہے ، بچوں کی تربیت میں اس کی تعلیم اس کی رہنمائی کرتی ہے اور وہ وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھکر ان کے لئے فیصلے لیتی ہے ۔

مغرب میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہم اپنی عورتوں کو تعلیم دلوانا ہی نہیں چاہتے ۔ لیکن یہ سوچ غلط ہے ہمارے اکثریت والدین اپنی بچیوں کی تعلیم کے حق میں ہیں ۔ لڑکیوں کی تعلیم میں کئی مسائل بھی درپیش ہوتے ہیں ، اسکول کی دوری یا اساتذہ کی کمی لیکن ان مسائل کو حل کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ ہمیں لڑکیوں کی تعلیم میں درپیش مسائل پر قابو پا کر ان کے اسکول آنے کی راہ ہموار کرنی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو زیادہ مراعات دی گئی ہیں ۔ لڑکیوں کی تعلیمی وظیفہ دو ہزار جبکہ لڑکوں کا ڈیڑھ ہزار مقرر کیا گیا ہے ۔ ان وظائف کے اجراء کا مقصد معاشرہ کے پسماندہ اور نادار گھرانوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنا ہے ۔

یہ پروگرام ملک کے تمام اضلاع میں شروع کیا جائے گا ۔ جس میں لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کے لئے زیادہ وظائف مختص کئے گئے ہیں ۔ پرائمری اسکولز کے لڑکوں کے لئے 1500 اور لڑکیوں کے لئے 2000 ، سیکنڈری اسکولز کے لڑکوں کے لئے 2500 اور لڑکیوں کے لئے 3000 ، جبکہ ہائر سیکنڈری کے لڑکوں کے لئے ساڑھے 3 ہزار اور لڑکیوں کے لئے 4 ہزار سہ ماہی وظیفہ جاری کیا جائے گا ۔ یہ وظائف ان بچوں کی ماؤں کو بائیو میٹرک کے ذریعہ جاری کئے جائیں گے جن کی 70 فیصد حاضری ہوگی ۔

 

تبصرے بند ہیں.