The news is by your side.

نظام کی اصلاح اور قانون کی بالادستی کے لئے برسر پیکار ہیں : عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے پیر کے دن نتھیا گلی میں ایک بین القوامی ہوٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ملکی خزانہ میں اضافہ سب سے بڑی ضرورت ہے ۔

وزیر اعظم نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے مواقع پیدا کرنا اور سیاحت کے فروغ کے لئے ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر بہتر نظام مملکت ایک خواب ہی رہے گا ۔ بیشتر ممالک بہترین وسائل رکھنے کے باجود امن عامہ کے شعبہ کی کمزوری کیوجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں اور وسائل کو اپنے ملک کی مضبوط معیشت کے لئے بروئے کار نہیں لاپاتے ۔ ہماری جنگ نظام کی بہتری کے لئے ہے ۔

وزیر اعظم کے ساتھ اس تقریب میں وفاقی وزراء شبلی فراز ، اعظم سواتی ، فرخ حبیب اور کشمیر کمیٹی چئیرمین شہریار آفریدی بھی موجود تھے ۔ یہ ہوٹل خیبر پختون خوا کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل ہوگا جو سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے گا ۔

وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کی اور اس موقع پر ایک پودا لگا کر سونامی کے 10 بلین ٹری کے منصوبہ کے لئے اپنا کردار ادا کیا ۔  انہوں نے کہا کہ دولت کے مواقع ملک کے مفاد میں حاصل کرنا ضروری ہے ۔ دولت ہوگی تو نوکریاں ہوگی ، ٹیکس جمع ہوگا اور غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی سے قوم کو مہنگائی سے نجات ملے گی ۔

سمندر پار پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے نئی اسکیمیں متعارف کروانا ضروری ہے ۔ ملک اپنی بد عنوان اور غیر شفاف عناصر کی وجہ سے ان کا اعتماد کھو چکا ہے ۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں سے ملک میں سرمایہ کاری پر ذور دیا اور یقین دلایا کہ آنے والی ہر رکاوٹ حکومتی سطح پر دور کی جائے گی ۔

بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں افسوس اس اثاثہ کی قدر نہیں کی گئی ۔ پیسے اور مہارت کے حامل افراد بیرون ملک اپنی صلاحیتوں سے دوسرے ممالک کی ترقی کا سبب بن رہے ہیں ۔ ان کی سرمایہ کاری پاکستانی کرنسی کی مضبوطی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.