لندن سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد بزنس مین سلیمان رضا نے میر پور کی ثقافت سے دنیا کو متعارف کروانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات کشمیر پریمئر لیگ میں میر پور کی نمائندہ کرکٹ ٹیم میرپوررائلز کے آفیشل رائٹس خریدنے کے موقع پر کہی ۔
میر پور رائلز کے صدر نے مزید اس بارے میں کہا کہ میر پور سے تعلق رکھنے والے دس لاکھ سے زائد افراد برطانیہ میں بسلسلہ روزگار مقیم ہیں ۔ ان کی محنت اور کوششوں نے آزاد کشمیر کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ میر پور رائلز برطانیہ کی ایک ملین پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ جن کی جڑیں آزاد کشمیر میں میرپور کے مقام سے وابستہ ہیں ۔
میر پور شہر کو چھوٹا انگلینڈ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس شہر میں لاکھوں برطانوی کشمیری سکونت رکھتے ہیں ۔ برطانیہ اور میرپور ایک گھر کے دو مقام جیسے ہیں ۔ سلیمان رضا نے مزید اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں میرپوری سب سے زیادہ مختلف نسلی گروپوں میں شامل ہیں ۔ جو اپنی منفرد ثقافت اور زبان کی وجہ سے ممتاز مقام رکھتے ہیں ۔ میرپور رائلز ایک ایسا نام ہے جس پر کشمیر کے لوگ فخر کریں گے کیونکہ وہ اس برانڈ کے مالک ہیں ۔
راجہ سلیمان نے میر پور رائلز کو بی بی سی اور اسکائی نیوز پر بھی نمایاں کیا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ میر پور رائلز کشمیر پریمئر لیگ کی پہلی ٹیم تھی جس نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سلمان ارشاد کو سائن کیا۔
تبصرے بند ہیں.