کراچی کے صنعتی علاقہ کورنگی کے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل کے ایک کارخانہ میں آگ لگنے کی وجہ سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق 14 افراد جاں بہ حق ہوگئے ہیں ۔
علاقہ مکینوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ جانی نقصان کم ہوسکتا تھا اگر فائر بریگیڈ وقت پر پہنچ جاتیں ۔ فائربریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے ۔ اس کوشش میں 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے ہیں ۔ کارخانہ میں داخلہ کے لئے دیواروں کو توڑنے کے لئے ہیوی مشینری بھی علاقہ میں طلب کرلی گئی ہے ۔
آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی تھی جس نے پورے کارخانہ کو لپیٹ میں لے لیا ۔ کارخانہ میں اخراج کے لئے ایک ہی راستہ تھا اور چھت کے دروازہ پر تالا پڑا تھا ۔ اس کی وجہ سے مزدور برقت کارخانہ سے نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور اموات میں اضافہ ہوا ۔
کارخانہ میں 21 مزدور موجود تھے جن میں سے 14 مزدوروں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں ۔ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ باقیوں کی تلاش کا کام جاری ہے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اتنے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
مراد علی شاہ نے اس حادثہ کی وجوہات اور کارخانہ میں ہنگامی خروج اور انسانی تحفظ کے انتظامات سے متعلق تمام تفصیلات مانگی ہیں ۔
انہوں نے اس سانحہ کے لواحقین کے لئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دے دی ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.