آج صبح سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے اپنی ایک پوسٹ کے ذریعہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیولیرز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔
اے بی ڈیولیرز جو اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لئے جانے جاتے ہیں اور 18 سالوں سے کرکٹ شائقین کو اپنے کھیل سے محظوظ کرتے آرہے تھے ۔
اپنی ٹوئٹ میں ڈیولیرز نے لکھا کہ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا اب میں ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں ۔ گھر کے پچھلے صحن سے بھائیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے تک میں نے صرف لطف کے لئے پرجوش انداز میں کھیلا ۔ لیکن اب 37 سال کی عمر میں جوش اور ولولہ کی لو مدہم ہوگئی ہے ۔ یہ وہ حقیقت ہے جسے مجھے قبول کرلینا چاہئیے ۔ ہوسکتا ہے یہ اچانک لگے لیکن میں آج یہ اعلان کررہا ہوں کہ میں نے اپنا وقت گزار لیا اس عرصہ میں کرکٹ مجھ پر مہربان رہی ۔
2004 سے اپنا کرکٹ کیرئیر شروع کرنے والے اے بی ڈیولیرز نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 114 ٹیسٹ ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی20 میچز کھیلے ۔ انہوں نے تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں مجموعی طور پر بیس ہزار 14 رنز بنائے ۔
انڈین سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے ڈی ولیرز کی پوسٹ پر اپنے کمنٹ میں لکھا کہ اے بی ڈی ولیرز ہمارے دور کے بہترین کھلاڑی اور سب سے متاثرکن شخص جن سے میں ملا ۔ آپ کو اس بات پر فخر کرنا چاہئیے کہ آپ نے اپنے دور میں کتنی بہترین کرکٹ کھیلی ۔ ہمارا رشتہ میدان سے باہر تھا اور رہے گا ۔ آپ کے اس فیصلہ سے مجھے تکلیف پہنچی ہے لیکن میں جانتا ہوں یہ آپ اور آپ کے خاندان کے لئے بہتر ہوگا ۔
تبصرے بند ہیں.