قطری حکومت نے 2022 کے ورلڈ کپ کے لئے دارلحکومت سے چند کلو میٹر دور صحرا میں التھمامہ نامی ایک فٹ بال اسٹیڈیم تعمیر کیا ہے ۔ یہ اسٹڈیم اپنی انوکھے فن تعمیر کی وجہ سے کافی لوگوں کو پسند آ رہا ہے ۔
اس اسٹڈیم کے ڈیزائنر قطر کے مشہور ماہر تعمیرات ابراہیم محمد جیدہ ہیں ۔ ابراہیم جیدہ نے اسٹڈیم کے ڈیزائن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ڈیزائن روایتی قطری ٹوپی غافیہ جیسا ہے ۔ غافیہ جس طرح صحرا کی شدید گرمی میں اپنے پہننے والے کو بچاتی ہے اسی طرح یہ اسٹڈیم بھی صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو محفوظ رکھے گا ۔
اس اسٹڈیم میں فیفا 2022 کے 8 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوارٹر فائنل بھی شامل ہے ۔ اسٹڈیم کی غیر معمولی پھیلاؤ والی چھت اسٹڈیم کے بڑے حصہ کو دھوپ سے محفوظ رکھنے میں مددگار ہوگی ۔ جبکہ گرمی کی اضافی روک تھام کے لئے ٹھنڈے پانی کے چھڑکاؤ ، پنکھوں اور ائیرکنڈیشنز کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے ۔
التھمامہ میں 40 ہزار تماشائیوں کی گنجائش موجود ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹڈیم میں ایک مسجد ، ہوٹل ، بوتیک اور وسیع مارکیٹ بھی بنائی گئی ہے ۔
قطر دیگر مشرق وسطیٰ ممالک کی طرح گرم ترین ملک ہے ۔ جہاں گرمیوں میں کھلے علاقہ کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا جاتا ہے ۔
التھمامہ اسٹڈیم میں درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے کے لئے مختلف تدابیر کو استعمال کیا گیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کو ماحول دوست رکھنے کے لئے اسٹڈیم کے قریب ہی شمسی پینلوں کو نصب کیا گیا ہے جو اسٹڈیم کی بجلی کی ضرورت کو پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔
تبصرے بند ہیں.