سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحریک عدم اعتماد پر سیاسی جماعتوں کے درمیان متوقع تصادم روکنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔
صدر سپریم کورٹ بار نے اپنی درخواست میں وفاق ، وزیراعظم ، وزارت داخلہ ، وزارت دفاع ، قائد حزب اختلاف ، اسپیکر قومی اسمبلی ، سیکریٹری قومی اسمبلی ، آئی جی اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا ہے ۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی سرگرمیاں خطرناک حد تک بڑھ گئی ہیں ۔
دونوں فریقین ایک دوسرے کو دھمکا رہے ہیں اور حکومت اپنی پارٹی کے مخالف اراکین کو اپوزیشن کا ساتھ دینے سے روکنے کے لئے ہر ممکن طریقہ بروئے کار لانے کے لئے پر عزم ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام ریاستی اداروں کو سختی سے آئین و قانون کا پابند رہنے کی تاکید کی جائے ۔
اسپیکر کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ اپنے فرائض اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین 1973 کے آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اس تحریک پر کاروائی کرے ۔