The news is by your side.

ٹی20 : نیوزی لینڈ کی فائنل میں اینٹری

گزشتہ شب متحدہ عرب امارات میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو حیران کن شکست سے دوچار کردیا ۔

انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 10 اوورز میں 67 رنز ہی بنا پایا تھا اور 15 اوورز کے اختتام پر بھی اس کا اسکور 110 رنز ہی تھا ۔ آخری پانچ اوورز میں انگلینڈ کی ہٹنگ سے مجموعی اسکور 166 رنز ہوگیا ۔

نیوزی لینڈ کی اننگ کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا اور اس کے 2 کھلاڑی ابتدائی 3 اوورز میں پویلین لوٹ گئے تھے ۔ نیوزی لینڈ 10 اوورز میں صرف 58 رنز ہی جوڑ سکا تھا ۔ 15 اوورز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 107 رنز تھا اور آخری 5 اوورز میں نیوزی لینڈ کو 68 رنز جیت کے لئے درکار تھے ۔ نیوزی لینڈ کی بیٹینگ کو دیکھتے ہوئے یہ ایک مشکل ہدف معلوم ہورہا تھا ۔ لیکن اس مشکل موقع پر جیمز نیشام نے اپنی ٹیم کے لئے ایک ناقابل فراموش اننگ کھیل ڈالی ۔ اور صرف 11 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا ۔ جارڈن کے ایک اوور میں انہوں نے 23 رنز بنا دئیے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے ۔ ڈیرل مچل کی بیٹنگ کی تعریف نہ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی ۔ انہوں نے ایک اینڈ سے اینکر کا کردار بخوبی نبھایا اور 47 گیندوں پر 72 رنز کی اننگ کھیلی ۔

انگلینڈ کے باؤلرز نے پہلے 10 اوورز میں نیوزی لینڈ پر دباؤ بنائے رکھا ان کی 2 اہم وکٹیں گرائیں اور کھل کر شاٹس کھیلنے کا موقع بھی نہیں دیا ۔ تاہم نیوزی لینڈ نے ابتدائی وکٹوں کے گرنے کے بعد محتاط انداز اپنایا اور 10 اوورز میں اور کوئی وکٹ گرنے نہیں دی جس کی وجہ سے آخر میں انہیں کھل کر ہٹنگ کرنے میں کوئی عذر پیش نہیں آیا ۔

2007 سے اب تک ٹی20 کے 7 ورلڈ کپ ہوچکے ہیں ۔ یہ نیوزی لینڈ کا پہلا ورلڈ کپ ہے جس میں وہ فیورٹ نہ ہوتے ہوئے فائنل میں پہنچا ہے ۔ آج ہونے والا سیمی فائنل نیوزی لینڈ کے ساتھ فائنل میں ٹکرانے والی ٹیم کا اعلان کردے گا ۔

تبصرے بند ہیں.