کل کی تاریخ میں وہ مقابلہ ہوا جس کا کرکٹ شائقین کو تھا انتظار ۔ جی ہاں پاکستان اور ہندوستان ہوئے پہلے میچ میں آمنے سامنے ۔ پاکستان نے نفسیاتی دباؤ کا اس جیت کے ساتھ خاتمہ کردیا ہے ۔ پاکستان نے اہم اور تاریخی فتح اپنے نام کی اور بھارت کا ورلڈ کپ میں ناقابل تسخیر ہونے کا غرور پاش پاش ہوا ۔
ورلڈ کپ میں پاکستان نے انڈیا کو 29 سال بعد پہلی شکست دی اس سے پہلے انڈین ٹیم چیمئنز ٹرافی میں 2017 میں بھی ویراٹ کوہلی کی سربراہی میں فائنل ہاری تھی ۔ پاکستان نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردئیے ۔ اس میں شک نہیں کہ پاکستان ٹیم اس جیت کی مستحق تھی ۔ ٹاس جیتنے سے میچ جیتنے تک پاکستان نے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جو انڈیا کے لئے ایک برا سپنا ثابت ہوئی ۔ میچ کی شروعات میں ہی پاکستانی اسپیڈ اسٹار شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے پہلے اوور میں 6 کے مجموعی اسکور پر انڈیا کے اوپنر کو پویلین بھیج دیا ۔ انڈین اسٹار بیٹر روہت شرما صفر پہ آؤٹ ہوئے اور اننگ کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر دوسرے اوپنر راہول بھی بولڈ ہوگئے ۔
ویراٹ کوہلی نے سوریا کمار کے ہمراہ 25 رنز کی شراکت داری کی لیکن یہ شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی حسن علی کی بال پر محمد رضوان نے سوریا کو 11 کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے پیچھے شکار کرلیا ۔ یون انڈیا کی ابتدائی 3 وکٹیں 31 کے مجموعی اسکور پر گرگئیں ۔ رشبھ پنٹ کے ساتھ ویراٹ نے 53 رنز کی شراکت قائم کی ۔ رشبھ نے نڈر اور جارحانہ انداز میں انڈین اسکور میں اضافہ کیا لیکن وہ 39 رنز کی اننگ کھیل کر شاداب خان کی بال پر ان کے ہی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ انڈیا مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 151 رنز ہی جوڑ سکا ۔
پاکستانی بیٹرز رنز چیز کرنے کے لئے جب وکٹ پر آئے تو کسی کو گمان بھی نہ تھا کہ وہ دونوں میچ کے خاتمہ تک ناٹ آؤٹ رہیں گے ۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی نے اپنی میچ وننگ شراکت سے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ 152 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے دونوں بلے باز بہت محتاط انداز میں کھیلے اور میدان کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلتے رہے ۔ ہندوستانی بالرز ان دونوں کے سامنے بے بس نظر آئے ۔ محمد رضوان نے اس میچ کو اپنی بیٹنگ اور فیلڈنگ سے یادگار بنادیا ۔ رضوان نے اس میچ میں سوریا کمار کا کیچ لیکر ٹی20 میں اپنے 100 کیچز مکمل کئے اس کے علاوہ انہون نے 79 رنز کی اننگ بھی کھیلی ۔ دوسری جانب بابر اعظم بھی 68 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔
ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 کے مرحلے کے چوتھے میچ میں پاک ہند کے درمیان مجموعی طور پر 200 واں میچ کھیلا گیا ۔
تینوں فارمٹ کی کرکٹ میں دونوں ٹیمیں 199 میچز کھیل چکی ہیں ۔ جن میں 86 دفعہ پاکستان کا پلڑا بھاری رہا جبکہ 70 دفعہ ہندوستان غالب رہا ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 1 میچ ٹائی جبکہ 38 مقابلے ڈرا ہوئے ۔
دونوں ٹیمیں 2007 سے 2021 کے درمیان 9 بار آمنے سامنے آئیں جن میں ہندوستان 6 مرتبہ جیتا 2 بار پاکستان اور 1 میچ ٹائی ہوا ۔
1 روزہ میچوں میں 1978 سے 2019 کے درمیان پاک ہند 132 مرتبہ مدمقابل آئے جن میں پاکستان 73 میں فاتح اور ہندوستان 55 میں کامیاب ہوا ۔
تبصرے بند ہیں.