The news is by your side.

ٹی20 : پاکستان کا سفر تمام شد

ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقابل شکست پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ ہار کر کپ کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ۔ گزشتہ شب دوسرے سیمی فائنل میں ایک اعصاب شکن مقابلہ کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر فائنل کے لئے کولیفائی کرلیا ۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی پاکستان نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا ہدف مقرر کیا ۔ محمد رضوان 67 اور فخر زمان 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی رضوان اور بابر نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور دونوں کے درمیان 71 رنز کی شراکت ہوئی ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 10ویں اوورز میں گری جب کپتان بابر اعظم 34 گیندوں پر 39 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ فخر زمان جو پورے ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے اس میچ میں 55 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور رضوان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کا اضافہ کیا ۔ محمد رضوان پاکستان کے مجموعی اسکور 143 پر 67 کے انفرادی رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ ان کے بعد آصف میدان میں آئے اور پہلی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔ فخر زمان پر 32 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور ٹیم کے اسکور کو  176 رنز پر پہنچایا ۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دو کھلاڑی آؤٹ کئے کمنز اور زیمپا کے حصہ میں 1، 1 وکٹ آئی ۔

آسٹریلیا کی اننگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسٹریلوی کپتان اننگ کے پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دئیے گئے ۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے 51 رنز جوڑے ۔ 52 کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 22 گیندون پر 28 رنز بنا کر شاداب خان کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ اسٹیون اسمتھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور شاداب خان کی بال پر 5 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ 89 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر بھی شاداب کی بال پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے 49 رنز کی اننگ کھیلی ۔ آسٹریلیا کے خطرناک بیٹر گلین میکسویل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ اس وقت اصٹریلین کا مجموعی اسکور 96 رنز تھا ۔ آخری اوورز میں مارکس اسٹوئنس اور میتھیو ویڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ میتھیو ویڈ نے 17 گیندوں پر 41 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ اسٹوئینس نے 40 رنز بنا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا ۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور شاہین آفریدی 1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ۔

ٹورنامنٹ کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین 14 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا ۔

تبصرے بند ہیں.