The news is by your side.

انگلینڈ کی ٹیم نے بھی پاکستان دورہ سے معذرت کرلی

نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ کی منسوخی کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ہے ۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ای سی بی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انہوں نے اپنی مین و وومینز ٹیم کی پاکستان کے دورہ سے دستبرادری کا فیصلہ کیا ہے ۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی کو بنیادی وجہ بنا کر دورہ منسوخ کیا تھا ۔ انہوں نے فائیو آئیز سیکیورٹی اتحاد نے کسی ممکنہ دہشت گردی کے شک کی بنا پر یہ مشورہ دیا اور انہوں نے ٹاس سے کچھ دیر پہلے اپنا دورہ ہی منسوخ کردیا ۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے اس طرز عمل نے دنیائے کرکٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ رمیز راجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ہمارے لئے ویک اپ کال ہے ۔ انگلینڈ کے فیصلہ سے مایوسی ہوئی ہے ۔ ہم ان شاء اللہ زندہ رہیں گے ۔ ہمیں دنیا کی بہترین ٹیم بننا ہے ۔ ہم نے کوئی جواز دئے بغیر دنیا کو بہترین بن کر دکھانا ہے ۔

ٹیم کے کھلاڑی بھی ان فیصلوں سے متاثر ہوئے ہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے یہ دکھ کا مقام ہے ۔ ہم دوبارہ واپس آئیں گے ان شاء اللہ ۔

نوجوان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ انگلینڈ نے بھی دورہ منسوخ کردیا ہے ۔ کاش کہ دنیا کرکٹ کے لئے پاکستان کے لوگوں کا جذبہ اور محبت کو سمجھ سکے ۔ ہم آگے بڑھتے رہیں گے ۔ پاکستان کبھی ہار ماننے والا نہیں ۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ، کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی ۔ یہ نہ صرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی ۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں منعقد کروایا جائے ۔ یہ ورلڈ کپ جیتنے کا موقع ہے ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.