ویسٹ انڈیز میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پاکستان نے فواد عالم کی سینچری کی بدولت 302 رننز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگ کو ڈکلئیر کردیا ہے ۔
فواد عالم نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل میزبان ٹیم کو جلد آؤٹ کرنا پاکستانی گیم پلین ہے ۔ ہم وننگ پوزیشن میں اسی وقت آسکتے ہیں جب باؤلرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوسکیں ۔
انہوں نے اپنی سینچری کو والدہ کی دعا قرار دیا ۔ میچ سے پہلے جب ان کی اپنی والدہ سے ٹیلیفونک گفتگو ہورہی تھی تو والدہ نے انہیں اس میچ میں سینچری اسکور کرنے کی بشارت دی تھی ۔ موسم کی شدت اور حبس میں جبکہ وکٹ بھی آسان نہ ہو اس سینچری کو اسکور کرنا آسان نہ تھا ۔ انہوں نے اپنی سینچری والدین کے نام معنون کی ۔
انہوں نے اپنی پانچ سینچریوں کو جو انہوں نے مختلف ممالک میں اسکور کیں اللہ کا انعام اور محنت کا نتیجہ قرار دیا ۔
انہوں نے وقت کی مشکلات پہ بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے اہل خانہ اور والدین میرے ساتھ ہر مشکل میں کھڑے رہے ۔ میرے والد نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا کہ تم محنت کرتے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا ۔
اپنے خوشی منانے کے انداز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشہور ترک ڈرامہ ارتغل سے متاثر ہوکر اپنایا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.