برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں طوفانی بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پانی جمع ہے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ۔ بارش کا پانی گھروں اور کاروباری مراکز میں داخل ہوجانے کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوچکے ہیں ۔
لندن انتظامیہ نے نیوہام اور وپس کراس نامی اسپتالوں کو ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بند کرنے اور مریضوں کو قریبی محفوظ اسپتالوں میں منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ شہر کی سڑکیں بھی بارش کے پانی کی موجودگی سے ناقابل استعمال ہوچکی ہیں ۔
لندن فائر ڈیپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ایک ہزار سے زائد کالز موصول ہوچکی ہیں ۔ جبکہ گاڑیوں میں پھنسے ہوئے اور تہہ خانوں میں موجود لوگوں تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ برطانوی ماحولیاتی ایجسنی کی جانب سے لندن کے مختلف حصوں اور دیگر قریبی علاقوں میں سیلاب کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ چین میں بھی سمندری طوفان اور موسلادھار بارشوں سے کاروبار زندگی متاثر ہے ۔ چین کے بہت سے علاقوں سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں اس کے علاوہ ائیر پورٹس اور ٹرین سروس بھی معطل ہیں ۔ خطہ کا دوسرا ملک بھارت بھی شدید بارشوں سے متاثر ہے اور وہاں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 138 ہلاکتیں ہوچکی ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.