چین اور روس کی حکومتوں نے طالبان کے ساتھ افغانستان کی حالت کی بہتری کے لئے عالمی برادری کو ساتھ کام کرنے کی دعوت دی ہے ۔ چین کے وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت میں اس بات پر ذور دیا کہ افغانستان کی غیر یقینی صورتحال میں عالمی برادری کی حمایت اور امداد سے فرق پڑسکتا ہے ۔
روس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان ملک میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لئے تیزی سے اقدامات کررہے ہیں ۔ وہ مذاکرات کے ذریعہ افغانستان کے مسائل کے حل پر بات کرنے کے لئے بھی تیار ہیں ۔ وہ خواتین کے حقوق اور عوامی مفادات کو بھی زیر بحث لانے کے لئے تیار ہیں ۔
ایک صحافی کے سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی سفارتکاروں اور شہریوں کو ملک سے نکالنے کے لئے کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔ تاہم جو روسی شہری افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں ان کے لئے چارٹرڈ طیارے موجود ہیں ۔
یاد رہے کہ طالبان افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد عام معافی کا اعلان کرچکے ہیں ۔ عالمی برادری کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی طالبان کے ترجمان کی جانب سے خیر سگالی کے طور پر کیا جاچکا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.