The news is by your side.

یونس خان پی سی بی میں اہم ذمہ داری قبول کرسکتے ہیں : ذرائع

ملک کے نامور اخبار دی نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ سابق پاکستانی بلے باز اور بیٹنگ کوچ یونس خان ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ میں اپنا عہدہ سنبھال سکتے ہیں ۔

رمیز راجہ کے بورڈ کے سربراہ مقرر ہوتے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانہ پر آئے روز نت نئی تبدیلیاں آرہی ہیں ۔ رمیز راجہ کے عہدہ سنبھالتے ہی پاکستان کے دونون کوچز مصباح الحق اور وقار یونس فی الفور بغیر کسی ٹھوس وجہ کے خود ہی مستعفی ہوگئے تھے  ۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان پچھلے دنوں مستعفی ہوئے ۔ وہیں نئی تقرریاں عوام کے لئے دلچسپی کا سبب بنی ہوئی ہیں مصدقہ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نئے سیٹ اپ میں سابق کپتان کو ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے ۔

کچھ روز قبل سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید سے بھی پی سی بی کے سربراہ نے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان کرکٹ کو نچلی سطح پر بہتر بنانے کی تجاویز دی گئیں ۔ عاقب جاوید نے موجودہ کرکٹ اکیڈمیوں کے معیار کو ہی بہتر بنانے کی ضرورت پر ذور دیا ان کا کہنا تھا کہ ملکی کرکٹ ڈھانچہ مضبوط بنانے میں یہی اکیڈمیاں کلیدی کردار ادا کریں گی ۔ تاہم اسٹار فاسٹ بالر نے پی سی بی میں کوئی عہدہ قبول کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی کوچنگ میں اپنی ذمہ داریوں کا عذر پیش کیا ۔

اس کے علاوہ پی سی بی کے سربراہ آسٹریلین بلے باز میتھیو ہیڈن کو پاکستان کا بیٹنگ کوچ اور ساوتھ افریقن پیسر ورنن فلینڈر کو باؤلنگ کوچ کے بطور مقرر کرچکے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی 44 سالہ اسٹار اسپینر ثقلین مشتاق ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ہیڈ کوچ کے عہدہ کے لئے مضبوط امیدوار ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد اس عہدہ کو سنبھال لیں گے ۔ اس وقت ثقلین مشتاق لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انٹرنیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.