دبئی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے شاندار آغاز نے پاکستانی شائقین کو مسرور و مسحور کر رکھا ہے اور وہ اپنی ٹیم کی اچھی کارکردگی کا جشن روز منارہے ہیں ۔
گزشتہ شب نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیکیورٹی کا عذر بنا کر بھاگنے والی ٹیم کو اچھا سبق دے دیا ۔ اس جیت کے ساتھ ہی قوم کے سینے میں بھی ٹھنڈ پڑگئی ہے ۔
پاکستان کی جیت کا آغاز ٹاس کی جیت سے شروع ہوجاتا ہے ۔ پچھلے دونوں میچوں میں ٹاس کی جیت نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ نیوزی لینڈ نے اپنی اننگ کو بہت محتاط انداز میں شروع کیا . 36 کے مجموعی اسکور پر مارٹن گپٹل حارث رؤف کی یارکر کا شکار ہوگئے ۔
حارث نے اس وکٹ پر بس نہیں کیا بلکہ کل وہ نیوزیلینڈرز پر بجلی بن کر گرے اور ان کے 4 اہم کھلاڑیوں کو پویلین میں بٹھایا ۔ پاکستان نے وقفہ وقفہ سے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنا شروع کردیا ۔ پاکستان کی نپی تلی باؤلنگ کے آگے نیوزی لینڈ کا کوئی بلے باز ٹک نہیں سکا اور محض 135 رنز 20 اوورز میں بن سکے ۔
حارث رؤف نے اپنے کیرئیر کی بیسٹ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کئے ۔
پاکستان کی بیٹنگ کا اغاز اچھا نہیں تھا 28 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے ۔ رضوان ایک اینڈ پر اینکر کے بطور ڈٹے رہے اور 33 رنز کی اننگ کھیل کر ساؤتھی کا شکار بنے ۔ فخر زمان ، حفیظ ، عماد تیز رنز بنانے کے چکر میں زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے ۔ 87 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو پاکستان کو خطرہ کی گھنٹی بجتی محسوس ہوئی لیکن اس موقع پر شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا اور نوجوان کھلاڑی آصف علی کے ساتھ اسکور میں اضافہ شروع کیا ۔ آصف نے اپنے مخصوص انداز کو اپناتے ہوئے جارحانہ شاٹس کھیلے اور ایک اوور میں پے در پے دو چھکے ساؤتھی کو لگا کر میچ پاکستان کے پلڑے میں لے آئے ۔
کل کا میچ حارث رؤف اور آصف علی کی کارکردگی کے نام رہا ۔ اس کے ساتھ ہی گروپ بی میں پاکستان پوائنٹس تیبل پر بھی سرفہرست آگیا ہے ۔ جمعہ 29 اکتوبر کو پاکستان اپنا اگلا میچ افغانساتن کے خلاف کھیلے گا ۔
تبصرے بند ہیں.