ہندوستان میں پہلی میٹاورس شادی کی تیاری
اپنی شادی کے حوالہ سے دنیش اور ان کی ہونے والی پتنی جنگنندنی رامسوامی کا کہنا تھا کہ اس وبا کی وجہ سے لوگوں کا بڑی تعداد میں حقیقی استقبال ممکن نہیں ہے لہذا ہم نے فیصلہ کیا کہ ڈیجیٹل جشن منائیں اور اس کو میٹاورس نے ممکن بنادیا ۔
عالمی وبا کرونا نے زندگیوں کے ڈھنگ ہی تبدیل کردئیے ہیں ۔ سماجی فاصلہ کی دوری نے روایتی جشن اور تقاریب کے چلن کو متاثر کیا ہے ۔ گنجان آباد ملک اور شہر اس وبا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں کیونکہ وہاں کے مکینوں کو نئی پابندیوں کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
ہندوستان کووڈ سے متاثرہ بڑا ملک ہے وہاں کے مکین اس وبا اور پابندیوں میں زندگی آگے بڑھانے کے نئے ورچوئل راستے ڈھونڈ رہے ہیں ۔ ایک ہندوستانی تامل ناڈو کا دنیش شیو کمار پدماوتی اپنی میٹاورس شادی کے لئے تیاری کررہا ہے ۔ کیونکہ ہندوستان میں شادی کے اجتماعات میں وبا کے دوران صرف 100 افراد کو ہی ایک جگہ اکٹھا ہونے کی سرکاری اجازت مل رہی ہے ۔ اگلے ماہ دنیش نے اپنی میٹاورس شادی میں دو ہزار لوگوں کو دعوت دی ہے ۔
ہیری پوٹر کے پرستار ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنی ورچوئل شادی کو ہوگوارڈ کی تھیم دی ہے جس میں لوگ اپنی لیپ ٹاپس ، ٹیبلیٹس اور اینڈرائڈ کے ذریعہ شریک ہوسکیں گے ۔
میٹا ورس کے ذریعہ ایک ورچوئل 3 ڈی ڈیجیٹل ماحول کو کری ایٹ کیا جاسکتا ہے ۔ جس میں بہت سے افراد ورچوئلی جمع ہوکر بات چیت کرسکتے ہیں ۔ اس حوالہ سے دولہا ایک سوفٹ وئیر ہاوس سے ہوگوارڈ جیسی قلعہ نماڈیجیٹل جگہ بنوا رہے ہیں ۔
ان کی شادی قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں ہوگی لیکن اس کے بعد نیا شادی شدہ جوڑا لاگ ان کرے گا ۔ اس ورچوئل پنڈال کو ڈیزائن ، ڈیولپمنٹ پر ڈیڑھ لاکھ ہندوستانی روپے خرچ ہوئے ہیں ۔ ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس ڈیجیٹل جشن میں نوبیاہتا جوڑا مختلف ورچوئل ایکٹیویٹی کے ذریعہ اپنے مہمانوں کو انٹرٹین کرسکیں گے ۔
تبصرے بند ہیں.