The news is by your side.

حکومت کی تبدیلی کرکٹ کے سربراہ پر اثر انداز ہوگی ؟

0

عمران حکومت کے خاتمہ کے ساتھ ہی ملک میں نئی سیاسی و انتظامی تبدیلیاں بھی رونما ہونے لگی ہیں ۔ آج ملک کے 23 وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ اداروں میں بھی سربراہان کی ممکنہ تبدیلی سامنے آئے گی ۔

اس آئینی تبدیلی کے بعد کئی حکومتی عہدہ دار اپنے عہدوں سے ہٹا دئیے جائیں گے جن میں ایک نام رمیز راجہ کا بھی ہوسکتا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ایک خود مختار ادارہ ہے اور ملک کا وزیراعظم اس کا سرپرست ہوتا ہے ۔ بورڈ کا ایک دستور العمل اور بورڈ بھی ہوتا ہے جو چئیرمین کا انتخاب کرتا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چئیرمین رمیز راجہ بورڈ کے 36ویں چئیرمیں ہیں جنہوں نے 13 ستمبر 2021 کو بطور بورڈ چئیرمین کے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں انہیں کام کرتے ہوئے ابھی 6 ماہ اور کچھ دن ہی ہوئے ہیں کہ تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں ۔

رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے حیثیت سے بین القوامی کرکٹ ملک میں بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ ان کی نیک نامی ، اصول پسندی اور اب تک کی کارکردگی نئی حکومت کو انہیں عہدہ سے ہٹانے میں رکاوٹ بن سکتی ہے لیکن کچھ حکومتی اراکین اس عہدہ پر نظر ہوگی اور جس کے لئے انہوں نے لابنگ بھی کی ہوگی ۔ نجم سیٹھی سابقہ چئیرمین کے بطور کام کرتے رہے ہیں اور وہ رمیز راجہ کے دوست بھی ہیں اس لئے وہ اخلاقی طور پر اس عہدہ کے لئے سرگرمی نہیں دکھائیں گے ۔

عمران خان نے کرکٹ کے شعبہ میں جو تبدیلیاں کیں انہیں عام و خواص میں زیادہ پسند نہیں کیا گیا ۔ عمران کی ہدایات پر ملک میں شعبہ جاتی کرکٹ ختم کرکے 6 ریجنل ٹیمیں بنائی تھیں اور پی سی بی نے کھلاڑیوں کو خود مشاہرہ دینا شروع کردیا ۔ ڈیپارٹمنٹس کرکٹ ختم ہوجانے کی وجہ سے ہزاروں کھلاڑی بے روزگار ہوئے اگرچہ پی سی بی کھلاڑیوں کو مشاہرہ دے رہی تھی لیکن بہت سے کھلاڑی ملازمتوں سے محروم ہوئے جن کا بورڈ کے پاس کوئی اذالہ نہیں تھا ۔

اب ممکن ہے کہ پرانی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو دوبارہ بحال کردیا جائے لیکن اس کی بحالی کے لئے وقت درکار ہوگا اور شاید یہ پہلی والی پزیرائی بھی نہ حاصل کرسکے۔

رمیز راجہ اپنے عہدہ پر کب تک تعینات رہیں گے اس حوالہ سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن ان کے مزاج اور خیالات دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ وہ واپس کمنٹری کی طرف آسکتے ہیں ۔

اپنے مختصر دور میں رمیز راجہ نے بہت سے اچھے کام کئے نچلی سطح کے ملازمین اور صحافیوں سے مثالی تعلقات بنائے ۔ رمیز راجہ نے مثالی کام سے دوسروں کے لئے مشعل راہ بنے ہیں ان کی حقیقت پسندی اور اصول پرستی نے انہیں مفاد پرستوں سے دور رکھا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.