پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ نئے چئیرمین منتخب ہوگئے ہیں ۔
گزشتہ ماہ احسان مانی کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد یہ سیٹ نئے سربراہ کی تلاش میں تھی ۔
پی سی بی کے نئے چئیرمین کے لئے آج لاہور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے کی ۔ اس اجلاس میں پی سی بی کے 36 ویں چئیرمین کے لئے رمیز راجہ کے نام کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔
پی سی بی کے نو منتخب چئیرمین سوا دو بجے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ اس میڈیا کانفرنس میں کووڈ کے پروٹوکول کو ملحوظ رکھا جائے گا اور صرف ویکسینیٹڈ صحافیوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی اجازت ہوگی ۔
رمیز راجہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کرچکے ہیں جس میں انہوں نے کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ بورڈ کے معاملات کے بجائے اپنے کھیل پر فوکس کریں ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر ذور دیتے ہوئے اپنے وژن اور روڈ میپ سے متعلق بتایا ۔ اس ملاقات میں عبوری کوچ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق بھی موجود تھے ۔
تبصرے بند ہیں.