موت ایک اٹل حقیقت ہے لیکن کبھی یہ ایسے انسان کو ہم سے چھین لے جاتی ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ کوئی صحت مند نوجوان جو بظاہر کسی بیماری سے متاثر بھی نہ ہو ۔ اچانک آپ کو اس کی خبر مل جائے تو ایک دنیا حیران ہوجاتی ہے ۔
40 سالہ سدھارتھ شکلا جو ہندی ڈرامہ انڈسٹری کا بڑا کامیاب اداکار تھا جس کی مسکراہٹ پر لڑکیاں فدا ہوتی تھیں جو مردانہ وجاہت کا نمونہ سمجھا جاتا تھا ۔ 2 ستمبر کی صبح گیارہ بجے ممبئی کے ایک ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا ۔ کوپر ہسپتال کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ جب وہ ہسپتال لائے گئے تو کسی قسم کی طبی امداد سے بے نیاز ہوچکے تھے ۔ ان کی موت کی ابتدائی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی جارہی ہے ۔ تاہم ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق سدھارتھ اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے تھے اور باقاعدگی سے جم جاتے اور اپنی خوراک کے معاملہ میں بھی محتاط رویہ اختیار کرتے تھے ۔
بالیکا ودھو کے دونوں مرکزی کردار آج ہم میں نہیں رہے ۔ بالیکا ودھو اپنے زمانہ کا ایک کامیاب ڈرامہ تھا ۔ سدھارتھ شکلا نے بگ باس سیزن 13 کی جیت بھی اپنے نام کی تھی ۔ سدھارتھ نے جھلک دکھلا جا اور خطروں کے کھلاڑی میں بھی اپنی شرکت سے چار چاند لگائے تھے ۔ اس کے علاوہ متعدد ڈراموں نے ان کی شہرت کو دوام بخشا تھا ۔
تبصرے بند ہیں.