ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور مغربی ہواؤں نے سردیوں کی آمد کا اعلان کردیا ہے ۔
بابو سر ٹاپ پر گزشتہ 2 روز سے وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ جب کہ بٹو گاہ ٹاپ ، فیری میڈو اور نانگا پربت پر بھی موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے ۔
اس کے علاوہ استور ، غذر اور کشمیر کے پہاڑ بھی برف سے سفید ہورہے ہیں ۔
محمکہ موسمیات پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش اور برف باری کی پیشگوئی کرچکا ہے ۔
برفباری کیوجہ سے بابوسر ناران نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں تعطل واقع ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ دیو سائی 4 انچ برف پڑنے کے بعد سیاحوں کے لئے عارضی طور پر بند کردی گئی ہے ۔ موسم کی بہتر صورتحال کے بعد اسے سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا ۔
موسم سرما کی شروعات کے ساتھ ہی گیس صارفین کی آزمائش بھی شروع ہوگئی ہے ۔ ملک میں موسم سرما کے دوران گیس کے شدید بحران کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ۔
وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما میں 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوگی ۔ صارفین کو 24 میں سے 9 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی ۔
گیس دن میں تین بار تین تین گھنٹوں کے لئے صرف کھانے کے اوقات میں پریشر کے ساتھ فراہم کی جائے گی باقی اوقات میں گیس پریشر ڈاؤن رہے گا ۔
تبصرے بند ہیں.