پاکستان ڈیزازسٹر مینجمنٹ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں مون سون کی شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجہ میں 150 افراد اب تک سیلابی ریلوں میں پھنس کر یا بہہ کر ہلاک ہوچکے ہیں ۔
حالیہ مون سون سیزن میں پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ پی ڈی ایم کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مجموعی طور پر 13 ہزار 535 مکانات مکمل تباہ ہوگئے ہیں ۔ جبکہ صوبہ بھر میں 640 کلو میٹر طویل 6 شاہراہیں شدید متاثر ہوئی ہیں ۔
سیلابی ریلوں کی شدت نے صوبہ میں موجود 16 پلوں کو نقصان پہنچایا جبکہ 23 ہزار مال مویشی بھی سیلابی ریلوں میں پھنس جانے کے باعث ہلاک ہوئے ۔
صوبہ میں سیلابی پانی کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ زمینی رابطہ ٹوٹنے کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قلت سے سیلاب متاثرین کو کم خوراک کے بحران کا بھی سامنا ہے ۔
صوبہ میں سرکاری اور فوج کی سرپرستی میں امدادی کاروائیاں کی جارہی ہیں ۔