وزیر اعظم نے اسلام آباد میں برقی تجارت پورٹل کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کے نوجوان میں بہت صلاحیت ہے لیکن نظام انہیں آگے بڑھانے میں معاون نہیں ہوتا ۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں کو اپنے خطاب میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے آپ کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی آئی ٹی انقلاب کے لئے اپنا حصہ ڈالیں اور اس موقع کو ضائع نا کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نا صرف اس فیلڈ میں پیسہ کما سکتے ہیں بلکہ ملک میں تجارتی خلا کو پُر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتے ہیں ۔
یہ ٹیکنالوجی کا انقلاب ہے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے اس راستہ کا انتخاب کرنا ہوگا ہمیں امید ہے ملک میں آئندہ سالوں میں آئی ٹی کی درآمدات 50 ارب ڈالر تک بڑھ جائیں گی ۔
آئی ٹی صنعت میں ایک 20 سالہ نوجوان بھی اپنی صلاحیتوں کے بل پر ارب پتی بن سکتا ہے اور اپنی ماتحتی میں دیگر لوگوں کو بھی ایک باعزت روزگار سے منسلک کرسکتا ہے ۔
ای فری لانسر رجسٹریشن پر ٹیکس فری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پاکستان کو اپنے حالیہ ایک روزہ دورہ میں پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں شمولیت کے ارادہ کو ظاہر کیا ہے ۔
پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا نظام عام شہری کو آگے بڑھانے میں ناکام ہے لیکن ای کامرس کا پورٹل استعمال کرتے ہوئے کوئی بھی اپنی صلاحیت کے بل پر آگے بڑھ سکتا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.