The news is by your side.

ٹی20 : پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا

پاکستان نے اپنا آخری گروپ میچ اسکاٹ لینڈ سے گزشتہ روز کھیلا اور اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے ہرا کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔

اسکاٹ لینڈ سے اپنے آخری میچ میں پاکستان کے محمد رضوان نے کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ اس کے علاوہ شعیب ملک نے تیز ترین ففٹی بھی بنائی ۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ بابر اور شعیب کی شاندار بلے بازی کی وجہ سے پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز کا ہدف متعین کیا ۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم 66 رنز اور شعیب ملک 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ محمد رضوان نے آؤٹ ہونے سے پہلے کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا اور کلینڈر کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے رواں سیزن میں 1666 رنز بنا کر کرس گیل کا 2015 کا ریکارڈ توڑ دیا ۔

فخر زمان موجودہ ورلڈ کپ میں متاثر کن کارکدگی ابھی تک نہیں دکھا پائے اور 13 گیندوں پر 8 رنز بنا کر 59 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ اس موقع پر بابر اور محمد حفیظ کے درمیان 53 رنز کی شرکت داری بنی ۔ 112 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

بابر اعظم 66 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد شعیب ملک نے اسکاٹش گیند بازوں کا بھرکس نکالتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 54 رنز کی برق رفتار نصف سینچری بنا ڈالی ۔

190 رنز کے تعاقب میں اسکاٹش بلے باز کچھ زیادہ اعتماد کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف رچی بیرنگٹن ہی 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ اسکاٹش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی ۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف اور حسن علی نے 1 ،1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

میچ کا بہترین کھلاڑی شعیب ملک کو قرار دیا گیا ۔

پاکستان اب سیمی فائنل میں 11 نومبر کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گا ۔

تبصرے بند ہیں.