پاکستان میں بنیادی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس سے عوام پر مہنگائی کا شدید دباؤ ہے ۔
حکومت نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 208 روپے اور 213 روپے کا غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ایک اہلکار نے میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس سی نے یکم جون سے گھی اور کوکنگ آئل کے نرخوں میں اس تیزی سے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔
بڑے پیمانے پر اضافے کے بعد گھی کی قیمت 555 روپے فی کلو اور کوکنگ آئل کی فی لیٹر 605 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پانچ لیٹر ٹن کے معیاری کوکنگ آئل برانڈز کی قیمت بھی 2,105 روپے سے بڑھ کر 2,655 روپے تک پہنچ گئی ہے جب کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان کوکنگ آئل کے دیگر برانڈز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ خوردہ بازاروں میں مشہور برانڈز کے گھی اور کھانا پکانے کی زیادہ سے زیادہ قیمت اب بھی 540-560 روپے فی کلو گرام فی لیٹر کے درمیان ہے۔